حسن آباد میں کانگریس کا منفرد احتجاج

   

حسن آباد۔ حلقہ اسمبلی حسن آباد کے تمام منڈلوں و مواضعات کے علاوہ ٹاون میں انتہائی خستہ حالت میں موجود سڑکوں سے گزرنے والے راہ گیروں کو ہونے والی مشکلات کو نمایاں کرنے کی غرض سے کانگریس پارٹی نے آج ایک منفرد احتجاجی پروگرام منعقد کیا جس میں پارٹی کارکن و قائدین مختلف روٹس پر موجود سڑکوں میں پڑے ہوئے گڑھوں و ناہموار مقامات پربرسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے گلابی پرچموں کو نصب کرتے ہوئے اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ ٹاؤن میں سدی پیٹ ، ورنگل روٹ پر موجود سڑک پر جابجا گڑھوں پر پارٹی ٹاون صدر ڈاکٹر اکوسرینواس کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے گلابی پرچم لگاکر احتجاجی مظاہرہ کیا نیز تمام سڑکوں کی درستگی و مرمت کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

حسن آباد میں شیو سینا کو مستحکم بنانے کے اقدامات
حسن آباد۔ حلقہ اسمبلی حسن آباد کے تمام منڈلوں و مواضعات میں نچلی سطح سے تنظیمی طور پر شیو سینا پارٹی کو مستحکم بنانے کے اقدامات کرنے عنقریب پارٹی کی رکنیت سازی کیلئے خصوصی مہم چلانے کا شیو سینا پارٹی انچارج برائے حلقہ اسمبلی حسن آباد مسٹر اے ملکارجنا ریڈی نے اعلان کیا۔ وہ آج یہاں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس کو مخاطب کررہے تھے۔ اس ضمن میں انہوں نے حسن آباد منڈل کے لئے شیو سینا پارٹی کے شعبہ نوجوانان کا اعلان کرتے ہوئے اے رگھومتوطن پونارم کا منڈل صدر، نائب صدر بی رویندر ریڈی، نوین کمار کو سکریٹری نامزد کرتے ہوئے دیگر عہدوں کو پُر کرنے کیلئے صدر منڈل اے رگھو کو مجاز گردانا گیا۔