حسن آباد /26 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع گوٹالی پلی منڈل اکناپیٹ میں آج زیر تعمیر متوسط آبپاشی پراجکٹ کے باعث قیمتی و زرخیز زمین سے محروم ہونے والے 40 سالہ نونے ایلیا نامی کسان نے حکومت کیطرف سے ملنے والے معاوضہ سے تشفی نہ پاکر شدید ناامیدی و مایوسی سے دلبرداشتہ ہوکر بھاری مقدار میں کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کرلی اور برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ متوفی کے ارکان خاندان نے بتایا کہ وہ گوریلی پراجکٹ کے تحت 11 ایکر اراضی و رہائشی مکان سے محروم ہوکر فی ایکر 20 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے اس ضمن میں سرکاری حکام سے متعدد بار نمائندگی کی تھی ۔ تاہم مثبت نتیجہ برآمد نہ ہونے پر شدید مایوسی میں انتہائی اقدام کرلیا ۔ بیوی کی تحریری شکایت پر اکناپیٹ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرنے و تحقیقات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ضابطے کی کارروائی کی ۔