دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مئی کے مہینے کیلئے بہترین کھلاڑی کیلئے تمام طرزکی کرکٹ میں کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔ پاکستان کے حسن علی، سری لنکا کے پروین جیا وکرما اور بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم کو ماہ مئی کے بہترین کھلاڑی کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ خواتین میں اسکاٹ لینڈ کی کیتھرین ڈریس، آئرلینڈ کی جیبی لیویس اور ہم وطن لیپال کو نامزد کیا گیا ہے۔ مئی کے مہینے میں پاکستانی آل راونڈر حسن علی نے زمبابوے کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلی تھی جس میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کی۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے پراوین جیا وکرما نے اپنے ٹسٹ کریئر کا پہلا مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جہاں انہوں نے 16.11 کے اوسط سے 11 وکٹیں حاصل کی۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں سری لنکا کی کامیابی میں انہوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشفق الرحیم نے اس دوران ایک ٹسٹ اور تین ونڈے سری لنکا کے خلاف کھیلے جس میں انہوں نے دوسرے ونڈے میں 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی پہلی سیریز کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ ان مظاہروں کی بدولت مذکورہ کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے ایوارڈس کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ خاتون زمرہ میں آل راونڈر کیتھرین بریز اسکاٹ لینڈ کیلئے ایسی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جنہوں نے آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہوئی ہیں۔ مئی کے مہینے میں انہوںنے آئرلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 96 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 4.76 کی اوسط سے رنز دیتے ہوئے 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ علاوہ ازیں آئرلینڈ کی گیبی لوئیس نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 116 رنز اسکور کئے ہیں۔ ان کی ہم وطن لی پال نے ان مقابلوں میں 4.44 کی اوسط سے رنز دیتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بھی بنی ہیں۔