پانچ افراد گرفتار ، نارکوٹک انفورسمنٹ اور بہادر پورہ پولیس کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد ۔ 12۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ نارکوٹک انفورسمنٹ بیورو نے پرانے شہر کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے ایک ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا ۔ بہادر پورہ پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں نارکوٹک انفورسمنٹ بیورو نے حسن نگر علاقہ سے 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 34 گرام ایم ڈی ایم اے کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں گرفتار افراد کے قبضہ سے اہم اطلاعات کو حاصل کیا اور 6 فون ضبط کرلئے۔ پولیس نے 27 سالہ سید فیصل ساکن عنبر پیٹ ، 27 سالہ مسرت النساء بیگم عرف نادیہ ساکن عنبر پیٹ ، 29 سالہ جنید خاں ساکن بنگلورو، 28 سالہ محمد ابرار الدین ساکن دبیر پورہ اور 46 سالہ رحمت خاں ساکن بہادر پورہ کو گرفتار کرلیا ۔ ضبط شدہ ایم ڈی ایم اے کی مالیت 4 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اصل سرغنہ فیصل اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر منشیات کو فروخت کا منصوبہ تیار کیا اور اس سازش میں اپنی بیوی مسرت النساء کو بھی شامل کرلیا ۔ فیصل منشیات بنگلور سے خریدا کرتا تھا اور ان کی منتقلی کیلئے بیوی کو استعمال کرتا تھا ۔ خاتون کے ذریعہ منشیات کو منتقل کرتے ہوئے پولیس کارروائی اور تلاشی سے بچنے کیلئے اقدام کرتا تھا ۔ فیصل ایم ڈی ایم اے کو حیدرآباد میں 8 ہزار روپئے فی گرام فروخت کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ سابق عنبر پیٹ اور ایکسائز پولیس بالا نگر کی جانب سے فیصل کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ گرفتاران میاں بیوی کے خلاف سابق میں مقدمات پائے جاتے ہیں ۔ ایک ہفتہ قبل فیصل ، مسرت ، ابرار اور رحمت خاں نے بنگلور کا دورہ کیا اور وہاں جنید خاں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے ایک ذرائع سے 34 گرام ایم ڈی ایم اے کی خریداری کی اور حسن نگر میں فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے 9 گراہکوں کا پتہ لگایا جاچکا ہے جو ہمیشہ ان سے منشیات خریدا کرتے تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع