حسینی علم میں بوسیدہ مکان اچانک گرپڑا‘ دو خواتین ہلاک

,

   

ایک متوفی لڑکی کی آئندہ پیر کو شادی مقرر تھی ۔ دیگر 5 افراد بشمول شیر خوار زخمی

حیدرآباد : گزشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش کے نتیجہ میں پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم موسیٰ باؤلی میں آج دوپہر ایک بوسیدہ مکان گرپڑا جس کے نتیجہ میں دو خواتین ہلاک ہوگئیں اور دیگر 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق حاجی محمد خان کا اسبسطاس کا مکان ہے اور شدید بارش کے نتیجہ میں اس کی دیواریں بوسیدہ ہوگئی تھیں اور آج صبح اچانک گرپڑی ۔ اس حادثہ میں انیس بیگم اور فرح بیگم عرف واجدہ بیگم دواخانہ منتقلی کے دوران فوت ہوگئیں ۔ اس واقعہ کا پتہ چلنے پر نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور جی ایچ ایم سی کے ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیموں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا تھا اور حسینی علم پولیس کی مدد سے زخمیوں کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ اس حادثہ میں حاجی محمد خان کے علاوہ پروین بیگم ، امجد خان ، دیڑھ سالہ حسن اور 4 ماہ کا شیرخوار حسین زخمی ہوگئے ۔ این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے ملبہ کو ہٹانے کیلئے جے سی بی اور کرینس کا استعمال کیا ۔ جی ایچ ایم سی کے متعلقہ عہدیدار اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار بی انجیا بھی جائے حادثہ پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صبح کے وقت ایک زبردست آواز سنائی دی اور اپنے مکانات سے باہر نکل کر دیکھنے پر حاجی محمد خان کا مکان واقع موسیٰ باؤلی مکمل طور پر گرگیا تھا ۔ ملبہ کو صاف کرنے حسینی علم ، موسیٰ باؤلی اور اطراف کے علاقوں کو بند کردیا گیا تاکہ راحت کاری میں دشواریاں نہ پیش آئیں ۔ حادثہ کے پیش نظر بعض علاقوں میں ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا تھا ۔ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والی 20 سالہ انیس بیگم کی شادی /19 اکٹوبرکو طئے تھی اور شادی سے عین 8 دن قبل یہ واقعہ پیش آنے سے وہ ہلاک ہوگئیں ۔ اس واقعہ کے بعد انیس بیگم کے افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی کیونکہ شادیوں کی تیاری کرنے والے مکان میں یہ سانحہ پیش آنے کے نتیجہ میں تمام افراد خاندان غم زدہ ہوگئے ۔