حسینی علم میں نوجوان کے قتل کی سنگین واردات

   

حیدرآباد۔ 15 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم میں ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ کل رات دیر گئے پیش آئی اس واردات کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون سنہا مہرا نے مقام واردات کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ حسینی علم پولیس ذرائع کے مطابق محمد مسعود ساکن غازی بنڈہ محمد محمود کا بیٹا تھا جس کا کل رات مرغی چوک علاقہ میں قتل کردیا گیا۔ مسعود پیشہ سے تاجر تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مسعود نے اپنے ساتھی علی مرزا سے قرض لیا تھا اور قرض کی رقم کی ادائیگی کے مسئلہ پر دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا۔ علی مرزا اس کا ایک اور ساتھی شاہد مقتول مسعود سے جھگڑا کررہے تھے۔ کل رات دونوں نے مسعود کو بات چیت کے لئے مرغی چوک علاقہ طلب کیا جہاں بات چیت کے دوران ان کے درمیان جھگڑا ہوا اور دونوں نے مسعود پر مہلک ہتھیار سے حملہ کردیا۔ مسعود کے سینہ اور پیٹ کے علاوہ جسم کے دیگر حصوں پر چاقو کے نشانات پائے گئے۔ حملہ کرنے کے بعد دونوں نے مسعود پر وزنی پتھر ڈال دیا۔ اس حملہ کے سبب مسعود برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس حسینی علم نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ صبح کے وقت قتل کی سنگین واردات کے بعد علاقہ کے عوام نے شہر میں قتل کے وارداتوں اور جرائم میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ع