پٹنہ (بہار)، 16 دسمبر (آئی اے این ایس) بہار کرکٹ اسوسی ایشن (بی سی اے) کے صدر ہرش وردھن نے بہارکے دو ابھرتے ہوئے بولروں ثاقب حسین اور محمد اظہارکو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کی نیلامی میں منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ بہار کے غیر معروف فاسٹ بولر ثاقب حسین کو سن رائزرس حیدرآباد نے ان کی بنیادی قیمت 30 لاکھ روپئے میں خریدا، جبکہ ایک اور غیر معروف فاسٹ بولر محمد اظہارکو ممبئی انڈینز نے 30 لاکھ روپئے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ ہرش وردھن نے دونوں کھلاڑیوں کی کامیابی کو ان کی مسلسل محنت، لگن اور عزم کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاری نیلامی میں بہار کے مزید باصلاحیت کھلاڑی منتخب ہوں گے اور اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب حسین اور محمد اظہارکی کامیابی بہار کے نوجوان کرکٹروں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بہار کے نوجوان بیٹر ویبھَو سوریا ونشی نے آئی پی ایل 2025 کی نیلامی میں راجستھان رائلز کی جانب سے منتخب ہوکر خاصی شہرت حاصل کی تھی۔ انہوں نے آئی پی ایل 2025 کے دوران جارحانہ اور نڈر بیٹنگ سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ کم عمر ویبھَو سوریا ونشی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے کسی ہندوستانی بیٹرکی جانب سے آئی پی ایل کی تیز ترین سنچری اسکورکی اور خود کو ملک کے سب سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں میں شامل کر لیا، جس سے بہار کا نام ہندوستانی کرکٹ کے نقشے پر نمایاں ہوا۔ ویبھَو سوریہ ونشی نے بین الاقوامی سطح پر بھی شاندارکارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا، جہاں انہوں نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں میچ وننگ اننگز کھیلیں۔ متحدہ عرب امارات کے خلاف 171 رنز اور منگل کے روز 25 گیندوں پر نصف سنچری ان کی غیر معمولی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ ادھر آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین آئی پی ایل 2026 کی نیلامی کے سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے، جنہیں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے 25 کروڑ 20 لاکھ روپئے میں خریدا۔ دیگر نمایاں خریداریوں میں متیسھا پاتھیرانا، پرشانت ویر اورکارتک شرما شامل رہے۔علاوہ ازیں سرفراز کو چنئی نے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے ۔
