حسین ساگر جھیل سے تعفن کی صفائی کیلئے آئندہ ماہ کام کا آغاز

   

پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کی ایچ ایم ڈی اے کو ہدایت
حیدرآباد۔31 ڈسمبر(سیاست نیوز) حسین ساگر کے پانی میں پائے جانب والے تعفن کو دور کرنے کے لئے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے حیدرآباد میٹروپولیٹین واٹر ورکس اینڈ سیوریج کی جانب سے آئندہ ماہ کے اواخر میں صفائی کا عمل شروع کیا جائے گا اور حسین ساگر کے پانی کو صاف و شفاف رکھنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ریاستی حکومت کے محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے شہر حیدرآباد کے سیاحتی مرکز حسین ساگر پر سرگرمیوں میں کئے جانے والے اضافہ کے بعد اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ حسین ساگر کے پانی سے علاقہ میں بدبو و تعفن پھیل رہا ہے اور نکلس روڈ کی سمت تفریح کے مقصد سے پہنچنے والوں کو بدبو و تعفن برداشت کرنا پڑرہا ہے اور وہ زیادہ دیر تک اس مقام پر رک نہیں پا رہے ہیں۔ان شکایات کے موصول ہونے کے بعد پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ حسین ساگر کی صفائی اور بدبو و تعفن کو دور کرنے کے اقدامات کریں۔حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ تھاریٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ حسین ساگر میں پہنچنے والے نالوں کے پانی کے رخ کو تبدیل کئے جانے کے باوجود پیدا ہونے والی اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف امور کا جائزہ لینے کے علاوہ تالاب کے پانی کی صفائی اور کچہرے کی نکاسی کا جائزہ لیا جا رہاہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ نالوں کے رخ کو تبدیل کئے جانے کے بعد صنعتی اداروں اور نالوں کے پانی سے حسین ساگر کو پاک کیا جاچکا ہے لیکن تالاب میں موجود کچہرے کے سبب بدبو و تعفن کی شکایات موصول ہورہی ہیں انہیں دور کرنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ حیدرآباد میٹروپولیٹین واٹرورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے صفائی کے امور کی تکمیل اور ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جنوری کے آخری ہفتہ میں ان کاموں کو شروع کیا جائے گا اور اندرون 4ہفتہ ان کاموں کی تکمیل کے اقدامات کئے جائیں گے۔م