حسین ساگر جھیل کی سطح میں بھی اضافہ ‘ احتیاطی اقدامات

   

Ferty9 Clinic

نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکسی برتنے کا مشورہ ۔ ڈپٹی مئیر نے دورہ کیا
حیدرآباد 21۔ جولائی (سیاست نیوز) شہر میں گذشتہ چند دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے حسین ساگر جھیل کی سطح آب میں بھی آج جمعہ کو خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ۔ ڈپٹی مئیر ایم سری لتا شوبھن ریڈی نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے حسین ساگر جھیل کا دورہ کیا ۔ آج جمعہ کو حسین ساگر جھیل کی سطح آب 513.62 میٹرس درج کی گئی ہے جس کے بعد حکام نے احتیاطی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ نشیبی علاقوں کو زیر آب آنے سے بچانے کیلئے نوزلس کے ذریعہ پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے ۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو حکام نے چوکسی برتنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ ڈپٹی مئیر نے پانی کے تیز بہاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور عہدیداروں پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ دو دن مزید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر تمام تر احتیاطی اقدامات کریں۔ شدید بارش اور پانی جمع ہوجانے کی شکایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے جملہ 428 ایمرجنسی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو چوبیس گھنٹے مسلسل کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 27 ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر رونالڈ راس نے ایک متاثرہ مقام حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 14 کا دورہ کیا اور اس موقع پر ای وی ڈی ایم ڈائرکٹر پرکاش ریڈی ‘ زونل کمشنر روی کرن اور لیک سی ای سریش کمار بھی موجود تھے ۔ انہوں نے زیر آب علاقہ کا مشاہدہ کرکے حکام کو فوری ریلیف و بچاؤ اقدامات کی ہدایت دی۔