حسین ساگر جھیل کے دامن میں 330 ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح

,

   

بستی دواخانہ ا ور فنکشن ہال تعمیر کرنے ریاستی وزیر کے ٹی آر کا تیقن، عوام کو صفائی پر توجہ دینے کا مشورہ
حیدرآباد : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج حسین ساگر کے دامن میں واقع امبیڈکر نگر میں 28 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 330 ڈبل بیڈروم مکانات غریبوں میں تقسیم کئے۔ خواتین کے ساتھ طعام بھی کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی ، وزیر سنیماٹو گرافی ٹی سرینواس یادو، رکن قانون ساز کونسل سرابی وانی دیوی میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، ڈپٹی میئر ایم سری لتا ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ڈبل بیڈروم مکانات غریب عوام میں تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مکانات حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر انہیں بہت زیادہ خوشی ہورہی ہے۔ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات کے بعد امبیڈکر نگر کی صورتحال پوری طرح تبدیل ہوگئی ہے۔ اسی جگہ پر خانگی اپارٹمنٹس تعمیر کئے جاتے تو ایک ڈبل بیڈروم مکان کی قیمت دیڑھ کروڑ ہوتی تھی لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے غریب عوام سے ایک روپیہ لئے بغیر ان کے لیے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کروایا ہے۔ یہ کہاوت کافی مشہور ہے گھر تعمیر کرکے دیکھو اور بیٹی کی شادی کراکر دیکھو۔ چیف منسٹر غریب عوام کو مفت ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کررہے ہیں اور لڑکیوں کی شادیوں کیلئے کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کو متعارف کراچکے ہیں۔ اس طرح کی اسکیمات ملک بھر میں کہیں بھی نہیں ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے زیراہتمام حیدرآباد میں 9 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تقسیم میں مکمل شفافیت ہے کسی کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے امبیڈکر نگر کے عوام کیلئے بستی دواخانہ کے ساتھ فنکشن ہال بھی تعمیر کرنے کا وعدہ کیا۔ ضرورت پڑنے پر مزید چند ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے کا بھی تیقن دیا۔ انہوں نے عوام کو صاف صفائی اور سرسبز و شادابی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد ریاست میں سرسبز و شادابی کا تناسب 23 فیصد سے بڑھ کر 28 فیصد ہوگیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔