مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سطح آب کا جائزہ
حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں جاری بارش کے سبب حسین ساگر کی سطح آب مکمل ہوچکی ہے لیکن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آب بھی حسین ساگر سے پانی کی نکاسی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حسین ساگر میں سطح ااب مکمل ہونے کے بعد پانی کے اخراج کا جو نظام ہے وہ بہتر انداز میں کام کر رہا ہے اور اس میں کوئی رفتار تیز کرنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہورہی ہے۔ گذشتہ دو یوم سے شہر کے بیشتر علاقوں میں ریکارڈ کی جانے والی بارش کے سبب کمشنر جی ایچ ایم سی اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے حسین ساگر کی سطح آب پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ پانی کے اخراج کی ضرورت پڑنے پر حسین ساگر سے گذرنے والی نالے کے قریب موجود نشیبی علاقوں سے عوام کا اخراج یقینی بنانے کے بعد ہی حسین ساگر سے پانی چھوڑا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ عہدیداروں نے حسین ساگر کی مکمل سطح آب کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر پانی کے اخراج کا فیصلہ نہ کیاجائے اور اگر آئندہ دو یوم کے دوران مزید بارش ہوتی ہے اور پانی خطرہ کے نشان تک پہنچ جاتا ہے تو ایسی صورت میں حسین ساگر سے پانی کے اخراج کے سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے حسین ساگر کے خطرہ کے نشان اور سطح آب کا ہر گھنٹہ جائزہ لیا جارہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس سلسلہ میں مکمل تفصیلات اور رپورٹ محکمہ آبرسانی اور ایچ ایم ڈی اے کے علاوہ ڈی آر ایف کو روانہ کی جا رہی ہے تاکہ اگر کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں پانی کے اخراج کا فیصلہ کرنا پڑے تو ایسی صورت میں فوری کاروائی کی جاسکے۔