یوروپ سے نقل مقامی پرندہ کو ماضی میں اے پی یا تلنگانہ میں کبھی نہیں دیکھا گیا
حیدرآباد :۔ پرندوں کے شائقین نے حیدرآباد میں نقل مقام کر کے آنے والے ایک نئے عام پرندہ شھرمان (Shelduck) کی یہاں موجودگی کو ریکارڈ کیا ہے ۔ یہاں اس پرندہ کے دکھائی دینے کے ساتھ تلنگانہ میں نقل مقام کر کے آنے والے پرندوں کی جملہ تعداد 438 ہوگئی ۔ common shelduck کو ماضی میں آندھرا پردیش یا تلنگانہ میں کبھی نہیں دیکھا گیا ۔ سیزنڈ برڈر رما سرونی نے 12 فروری کو صبح 8-30 بجے سنجیوئیا پارک کی جانب حسین ساگر میں اس پرندہ کو دیکھا ۔ بعد میں مزید چند برڈواچرس نے اس پرندہ کی تصاویر لیں ۔ سیزنڈ برڈر سری رام ریڈی نے کہا کہ انہوں نے ایک تنہا کامن شل ڈک کو حسین ساگر کے پانی میں دیکھا ہے ۔ یوروپ کا یہ پرندہ موسم سرما کے دوران ہزاروں کلومیٹر کا سفر کرتے ہوئے جنوبی ایشیا اور جنوب ، مشرق اور سنٹرل ایشیا کے ممالک کا سفر کرتا تھا ۔ حالانکہ اس پرندہ کو شمالی ہند میں کئی مرتبہ دیکھا گیا لیکن ملک کے جنوبی حصوں میں یہ پرندہ کبھی دکھائی نہیں دیا تھا ۔ چونکہ اس سال ہزاروں سناردانی شولرس جو یوروپ سے نقل مقام کر کے آنے والا ایک پرندہ ہے ، حسین ساگر میں آئے ہیں اس لیے یہ تنہا کامن شیلڈک ان میں دیکھا گیا۔ پرندوں کے شائقین نے ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد کے قلب میں ایک نئے قسم کے پرندہ کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ یہ پرندہ موسم سرما کے دوران عموماً نقل مقام کر کے چین ، جاپان ، بنگلہ دیش ، بھوٹان اور دیگر ایشیائی ممالک پہنچتا ہے ۔۔