حسین ساگر میں پانی خطرہ کے نشان سے اوپر

,

   

حیدرآباد۔ شہر میں جاری مسلسل بارش کے دوران حسین ساگر لبریز ہوچکا ہے اور خطرہ کے نشان سے اوپر پانی جمع ہونے کی تصدیق کردی گئی ۔محکمہ آبی وسائل و آبرسانی نے کہا کہ حسین ساگر لبریز ہوچکا ہے اور اس کی مکمل سطح آب 513.41 میٹر ہے اور جو سطح آب ریکارڈ کی جا رہی ہے وہ 513.59 میٹر ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کو حسین ساگر کی سطح آب کی تفصیلات سے واقف کرواگیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے حسین ساگر سے پانی کے اخراج میں تیزی لانے جلد فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ پانی کے خطرہ کے نشان تک پہنچنے پر پانی گذرنے کے علاقوں میں جو نشیبی علاقے ہیں وہ زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں ۔نلگنڈہ میں محکمہ آبی وسائل اور آبرسانی کی جانب سے موسی پراجکٹ کے 5 دروازوں کو آدھا فیٹ کھول کر پانی کے اخراج کو یقینی بنایاگیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نشیبی علاقوں سے عوام کے تخلیہ کے علاوہ پانی کی گذرگاہوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔بارش سے شہر و اطراف میں موجود تالاب لبریز ہونے لگے ہیں اور ان سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ جی ایچ ایم سی حکام نے بتایا کہ حسین ساگر سے پانی کے اخراج کیلئے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن سطح آب پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران حسین ساگر کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔ حسین ساگر میں سطح آب سے 18 سینٹی میٹر اضافی پانی جمع ہے اور اخراج پر نشیبی علاقہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔