حسین ساگر میں گنیش وسرجن انتظامات کا جائزہ

   

اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار کا عہدیداروں کے ساتھ معائنہ
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) حسین ساگر میں گنیش مورتیوں کے وسرجن کے موقع پر کوویڈ قواعد کے مطابق انتظامات کا جائزہ لینے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے پولیس اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار اور دیگر عہدیدار اس دورہ میں شامل تھے۔ جاریہ سال دس روزہ گنیش اتسو تقاریب کا 10 ستمبر کو آغاز ہوگا اور 19 ستمبر کو وسرجن کے ساتھ اختتام عمل میں آئے گا۔ حسین ساگر میں وسرجن کے موقع پر ٹریفک انتظامات، صحت و صفائی کے علاوہ کوویڈ قواعد پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹینک بنڈ کے اطراف وسرجن کے مقامات پر کرین نصب کئے جائیں گے جس کے لئے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ 10 مقامات سے مورتیوں کا وسرجن کیا جاسکے گا۔ بڑی مورتیوں کیلئے کرین استعمال ہوگا۔ اروند کمار نے وسرجن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹینک بنڈ کے علاوہ پی وی نرسمہا راؤ اور این ٹی آر مارگ پر انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی۔ حکومت نے ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں کے تالابوں اور جھیلوں میں وسرجن کے انتظامات کئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تقریباً 24 مصنوعی تالاب تیار کئے جارہے ہیں تاکہ مقامی افراد کو سہولت ہو۔ حکومت کی جانب سے 70 ہزار کلے مورتیاں تقسیم کی جارہی ہیں جن میں سے 50 ہزار جی ایچ ایم سی اور باقی ایچ ایم ڈی اے اور انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ تقسیم کرے گا۔R