حکومت کی کوششوں پرگورنر ای ایس ایل نرسمہن کا اظہار ستائش
حیدرآباد۔2جولائی (سیاست نیوز) گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے حسین ساگر میں ہفتہ کشتی رانی کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال وہ اس ہفتہ کا انتظار کرتے ہیں کیونکہ کشتی رانی کیلئے حسین ساگر پہنچنے کے بعد صاف و شفاف ہوا میسر آتی ہے ۔ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے حسین ساگر میں کشتی رانی کے ہفتہ کے انعقاد کیلئے فراہم کئے جانے والے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ای ایم ای سیلنگ کلب اور سکندرآباد سیلنگ کلب کی جانب سے گذشتہ برسوں کے دوران اب تک 33 کشتی رانی کے ہفتہ منعقد کئے جا چکے ہیں اور وہ خود گذشتہ 10 برسوں سے اس کے شاہد ہیں۔ انہوں نے پانی کے کھیلوں کے فروغ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حکومت کی جانب سے آبی کھیلوں کے فروغ کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتیں اور اقدامات قابل ذکر ہیں۔ گورنر نے کہا کہ حسین ساگر میں منعقد کئے جانے والے ان کشتی رانی کے مقابلوں سے کئی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ ان مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے کامیاب ہونے لگے ہیں۔ انہو ںنے تلنگانہ اسپورٹس اسکول کے کامیاب ہونے والے طلبہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سہولتیں نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ حیدرآباد حسین ساگر میں سکندرآباد سیلنگ کلب کی جانب سے منعقد کئے جانے والے کشتی رانی کے مقابلوں کے سبب آبی کھیلوں کے معاملہ میں بھی حیدرآباد عالمی نقشہ پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہے۔انہوں نے ہفتہ کشتی رانی کے دوران فضائی آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی اور خصوصی طور پر نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرامس آبی کھیلوں کے فروغ کا سبب بن رہے ہیں جس کی کئی ایک مثالیں موجود ہیں اور کئی بین الاقوامی کشتی راں بن چکے ہیں جو کہ حیدرآباد میں سیلنگ کلب سے اپنے کیریر کا آغاز کئے تھے۔