حکومت سے 25 کروڑ کی منظوری ، شہر میں دیگر ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے حسین ساگر پر ٹریفک کے مسئلہ کی مستقل یکسوئی کیلئے 6 لائن پر مبنی برج کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ میریٹ ہوٹل کے روبرو 6 لائن سڑک کے ساتھ یہ برج 25 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ حکومت نے حسین ساگر کی گیٹس کی تنصیب اور رانی گنج تا بدھا بھون بریجس کی تعمیر کیلئے مزید 41 کروڑ مختص کئے ہیں۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے 2020-21 کے مختصر مدتی منصوبہ کے تحت 858 کروڑ کے کاموں کی انتظامی منظوری دی ہے۔ ان کاموں میں بریجس کی تعمیر، نالوں کی توسیع اور ری ماڈلنگ، تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ شامل ہے۔ اسٹرام واٹر ڈرین سسٹم کو حیدرآباد میں مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ترقیاتی کاموں کو 25 پیاکیجس کے تحت تقسیم کیا گیا ہے جو 6 جی ایچ ایم سی زونس کے تحت آتے ہیں۔ شہر کے نواحی علاقوں کی میونسپلٹیز کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔ گذشتہ سال جی ایچ ایم سی اور اطراف کی میونسپلٹیز میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں بھاری نقصانات ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے بنڈلہ گوڑہ چیروو تا ناگول چیروو سرپلس چیانل اور نالہ کی تعمیر کیلئے 30 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ سرور نگر لیک تا چیتنیہ پوری کاموں کیلئے 56.34 کروڑ اور بلکا پور نالہ کیلئے 12 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ افضل ساگر نالہ کیلئے علحدہ منظوری دی گئی ہے۔