حیدرآباد28جنوری(یواین آئی)شہرحیدرآباد کے حسین ساگرمیں کشتی میں پٹاخوں کے پھٹ پڑنے کے واقعہ میں شدیدطورپر جھلس جانے والا شخص ہلاک ہوگیا۔اس واقعہ کے بعد اس کو سکندرآباد کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں داخل کروایاگیا تھاجہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اس شخص کی شناخت گنپتی کے طورپر کی گئی ہے ۔اسی دوران اس واقعہ میں جھیل میں غرق بی ٹیک کے طالب علم اجئے کی تلاش مکمل ہوگئی ۔بھارت ماتامہاہارتی پروگرام کے اختتام کے موقع پر اتوار کی شب حسین ساگرجھیل میں پٹاخے جلانے کے دوران یہ واقعہ پیش آیاتھا۔اس حادثہ میں لاپتہ نوجوان کی نعش برآمد کرلی گئی ہے۔سنجیوا پارک علاقہ میں بڑے قومی پرچم کے قریب 21 سالہ اجئے کی نعش نمودار ہوئی ۔ مسلسل تلاشی میں مصروف ٹیموں نے حادثہ کے مقام اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تلاشی لی اور سارے جھیل میں اپنی کوششوں کو جاری رکھا تھا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ کشتی میں آتشزدگی کے بعد اجئے نے جان بچانے کیلئے پانی میں چھلانگ لگائی ہوگی اور غرقاب ہوگیا ۔ یاد رہے کہ لمبنی پارک میں 26 جنوری کے دن مہا آرتی کے دوران حادثہ پیش آیا تھا ۔ اجئے اس پروگرام میں شریک تھا ۔ آتش بازی کے دوران کشتیوں میں آگ لگی تھی اور اس حادثہ میں زخمی گنپتی بھی آج علاج کے دوران فوت ہوگیا جس کا سکندرآباد کے یشودھا ہاسپٹل میں علاج جاری تھا۔ع