حسین ساگر کی سطح آب میں دوبارہ اضافہ۔ پانی کا اخراج بھی جاری

   

لوورٹینک بینڈکے زیریں حصہ میں رہنے والے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت۔ ٹینک بینڈ پر خوبصورت منظر

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں اس کے اطراف و اکناف میں ہونے والی موسلادھار بارش سے حسین ساگر ٹینک بینڈ لبریز ہوگیا ہے۔ حسین ساگر میں تیز رفتار سے پانی جمع ہورہا ہے جس سے پانی کی سطح آب 513 میٹر تک پہنچ گئی ہے اور حسین ساگر سے پانی کا اخراج بھی ہورہا ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے لوور ٹینک بینڈ کے زیریں حصہ میں رہنے والے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گذشتہ دیڑھ ماہ کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہیکہ حسین ساگر کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس سے ٹینک بینڈ اور اس کے اطراف و اکناف کے عوام میں خوشی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ سوشیل میڈیا الیکٹرانک میڈیا سے اس کی اطلاع تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔ بارش کے باوجود لوگ سیروتفریح کیلئے حسین ساگر پہنچ رہے ہیں جس سے ٹینک بینڈ کے علاقہ میں چہل پہل میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے عوام کیلئے ایک ہی ذخیرہ آب ہے جو سیروتفریح کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیدار حسین ساگر کے پانی کی سطح پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی سطح میں اضافہ کے باوجود حسین ساگر کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ حسین ساگر میں اس طرح کی تکنیک موجود ہے کہ پانی سطح میں اضافہ ہوتے ہی پانی کا اخراج بھی خود بہ خود ہوجاتا ہے۔ تاہم زیریں حصہ میں رہنے والے عوام کو انتباہ دیا گیا ہیکہ وہ چوکنا رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔