وزیر عمارات و شوارع اور چیف سکریٹری نے پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا
حیدرآباد: وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے چیف سکریٹری سومیش کمار اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ حسین ساگر پر تعمیر کئے جانے والے یادگار شہیداں کے ڈیزائن کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ حکومت علحدہ ریاست کی جدوجہد میں جانوں کی قربانی دینے والے شہیدوں کی یاد میں ایک عظیم یادگار کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ یادگار کی تعمیر کا مقصد شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کرنا ہے ۔ حسین ساگر سے متصل علاقہ میں اس یادگار کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ حیدرآباد کو آنے والے افراد کیلئے یہ اہم سیاحتی مرکز رہے گا ۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ صدر جمہوریہ ، وزیراعظم اور مرکزی اہم قائدین جب کبھی حیدرآباد پہنچیں تو وہ یادگار شہیداں پر خراج پیش کریں۔ دہلی میں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت کی طرح حیدرآباد میں تلنگانہ شہیدوں کو خراج پیش کیا جائے گا ۔ محکمہ آر اینڈ بی کی نگرانی میں تعمیری کام جاری ہے ۔ یادگار کے اطراف 350 کار اور 600 موٹر سیکلوں کی پارکنگ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ میوزیم ، فوڈ گیلری ، آرٹ گیلری کے علاوہ میٹنگ ہال تعمیر کیا جائے گا ۔ تلنگانہ جدوجہد کی تصاویر پر مشتمل فوٹو گیلری قائم کی جائے گی ۔ قومی اور بین الاقوامی طرز کے اجلاسوں کے انعقاد کے لئے کانفرنس ہال تعمیر کیا جارہا ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ تعمیری کاموں میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ منصوبہ بند انداز میں پراجکٹ مکمل کریں۔ اس موقع پر محکمہ آر اینڈ بی کے پرنسپل سکریٹری سنیل شرما اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔