حیدرآباد: شہر کے اہم تفریحی مقام حسین ساگر ( ٹینک بنڈ ) کے پاس ’ نائٹ بازار‘ قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے یہ اعلان کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نائٹ بازار میں کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالس کے علاوہ پارکنگ، بیٹھنے کے مقامات اور دیگر سہولتیں قائم کی جائیں گی۔ سنجیویا پارک اور بدھا بھون کے درمیان 1300میٹر کی پٹی پر حسین ساگر کے کنارے نائٹ بازار قائم کیا جائے گا۔ کے ٹی راما راؤ نے حمڈا کے عہدیداروں کو اس منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پرنسپال سکریٹری اروند کمار نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ عوامی و خانگی شراکت داری( پی پی پی ) کی بنیاد پرنائٹ بازار کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ ماڈرن لائٹنگ، بیٹھنے کیلئے بہترین انتظام اور گرانائیٹ کے فرش کا منصوبہ تیار کیا گیا۔نائٹ بازار کی ماحولیات دوست اور مقررہ قواعد کے مطابق تعمیر کی جائے گی جبکہ حسین ساگر کی خوبصورتی کی برقراری اور اس کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایک خانگی ایجنسی کو 15 سال کیلئے عمل آوری اور دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔