حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آئے دن ٹریفک حادثات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو ( این سی آر بی ) کی رپورٹ کے مطابق ہر سال حادثات میں ہزاروں افراد ہلاک ہورہے ہیں اور ہزاروں افراد اپاہیج ہورہے ہیں پھر بھی چند لوگ سفر میں احتیاطی اقدامات کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ بالخصوص اسکولی طلبہ اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ اسکولی طلبہ کے لیے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کریں ۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں واقع لاپتاڈو منڈل کے گنڈلہ پرتی گاوں سے بکاچرلہ گاوں جانے کے لیے آر ٹی سی بس کی سہولت نہیں ہے جس پر طلبہ آٹو میں اندر باہر پھنس کر سفر کرنے کے لیے مجبور ہے ۔ آٹو کے ٹاپ پر بیٹھ کر سفر کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔ پیر کے دن ایک آٹو میں جملہ 31 افراد نے سفر کیا ہے ۔ ان میں 29 طالب علم ایک ڈرائیور اور ایک دوسرا مسافر شامل تھا ۔ اسکول آنے اور جانے کے اوقات میں بسوں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے طلباء اس طرح کا سفر کرنے کے لیے مجبور ہیں ۔۔ ن