حضرت امام حسینؓ نے میدان جنگ میں نماز کو ترجیح دی

   

یوم عاشورہ کے روزے کی بہت بڑی فضیلت ، سداسیوپیٹ میں جلسہ ، جناب حامد محمد خان کا خطاب

سداسیو پیٹ 26/ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا حامد محمد خان سابقہ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند نے مدینہ مسجد سدا سیو پیٹ میں منعقدہ جلسہ شہادت امام حسین ؓسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم کا مہینہ انتہائی عظمت و احترام والا مہینہ ہے۔اس مہینے میں روزے کی بہت فضیلت ہے۔اگر کوئی مسلمان اس مہینے کی نو دس یا 10، 11 محرم کے دو روزے رکھے تو اس کے پچھلے سال کے تمام گناہ معاف کیے جاتے ہیں۔یوم عاشورہ کے دن ہی عیسی علیہ السلام کی پیدائش ہوئی تھی۔اور یوم عاشورہ کے دن ہی حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی تھی ۔ اسی طرح کے کئی اہم ایسے واقعات ہیں جو یوم عشرہ کے دن رونما ہوئے تھے۔اور اسی دن معرکہ کربلا بھی واقع ہوا تھا۔حسین رضی اللہ تعالی عنہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے تھے۔باطل طاقت کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اور اسلام کی سربلندی کیلئے شہید ہوئے ۔دنیا قیامت تک میدان کربلا کے پیغام کو یاد کرتی رہے گی۔اور امام حسینؓ کی حق پرستی کو یاد کرتی رہے گی۔امام حسینؓ کی شہادت صرف اور صرف دین کی اشاعت اور سربلندی تھی۔امام حسینؓ نے میدان جنگ میں بھی نماز کو ترجیح دی تھی۔اس سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ نماز وہ فرض عبادت ہے جس کو وقت پر ادا کرنا ہر مسلمان کے لیے لازمی ہے ۔ آج کے زمانے کا مسلمان چھوٹی چھوٹی وجوہات کی بنا پر نماز کو ترک کر دیتے ہیں۔اس جلسے سے محمد امجد حسین ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند سنگا ریڈی نے بھی خطاب کیا ۔جلسے میں معروف شاعر فیاض علی سکندر اور ڈاکٹرامجد نے اپنا کلام پیش کیا۔جلسہ کا آغاز محمد مجاہد محی الدین کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا۔اور نظامت کے فرائض شکیب نے انجام دیے۔جلسہ کا اختتام مولانا حامد کی دعا سے کیا گیا۔امیر مقامی محمد اشفاق حسین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مولانا مصباح ، حشمت اللہ خان ، شیخ غوث پاشاہ کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔