سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے مضافاتی علاقہ حضرت بل حلقہ میں 90سالہ معمر خاتون نے بھی اپنا ووٹ ڈالا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ گزشتہ 70سالوں سے جمہوری عمل میں حصہ لیا ہے ۔خاتون نے مقامی سیاسی پارٹیوں سے گلہ بھی کیا کہ لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق سری نگر کے مضافاتی علاقوں میں اچھی خاصی ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ حضرت بل حلقے کے پنجہ کر واری مڈل اسکول میں قائم پولنگ مرکز پر ایک 90 سالہ خاتون خدیجہ نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 70سالوں سے جمہوریت کو مضبوط کرنے کی خاطر ووٹ ڈالا ہے ۔انہوں کہاکہ جمہوری عمل میں ہر کسی کو حصہ لینا چاہئے کیونکہ اسی طاقت سے اپنے من پسند لیڈر کو چنا جا سکتا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر سیاستدانوں کو الیکشن کے بعد بھی کام کرنا چاہئے۔ خاتون نے مقامی سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ جب امیدوار جیت جاتے ہیں تو وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی طرف کوئی توجہ مبذول نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اس وقت گونا گوں مشکلات کا سامنا کرناپڑر ہا ہے لہذا نئی حکومت کو لوگوں کے مسائل حل کرنے پر اپنی توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔