گیس سلنڈر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے ، کروڑوں کی املاک تباہ ، جانی نقصان کی اطلاع نہیں
سرینگر: درگاہ حضرت بل سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کے سر سید گیٹ کے بالکل سامنے واقع ریسٹورینٹ سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً تین شاپنگ کمپلیکس اور ایک بستی کو لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے مطابق شاپنگ کمپلیکس میں موجود 10سے 20گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا ۔آگ کی اس واردات میں تین شاپنگ کمپلیکس اور سات رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ 17فائرٹینڈروں اور دو واٹر پمپوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس بھیانک واردات میں کروڑوں روپیہ مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔مقامی لوگوں نے الزام لگایاکہ ریسٹورینٹوں میں گھریلو استعمال کے گیس سلنڈر ڈمپ کئے گئے تھے اور جوں ہی آگ نمودار ہوئی تو گیس سلنڈر پھٹنے سے بستی بھی اس کی لپیٹ میں آئی۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شاپنگ کمپلیکس میں موجود ریسٹورینٹوں کو مقفل کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کا واقع رونما نہ ہو سکے ۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل میں کشمیر یونیورسٹی کے سرسید گیٹ کے بالکل سامنے پیر کو قریب پونے نو بجے ایک کثیر المنزلہ شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے متصل مزید دو شاپنگ کمپلیکس بھی لپیٹ میں لے لئے ۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی واردات کے دوران شاپنگ کمپلیکس میں موجود 10سے 20گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے آگ نے شاپنگ کمپلیکس کے متصل بستی کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے فوری طورپر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تین شاپنگ کمپلیکس اور سات رہائشی مکانوں کونقصان پہنچا ہے ۔نامہ نگار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے پیشہ وارانہ کام میں چند مقامی افراد نے رخنہ ڈال کر پائپوں کو چھین لیا جس وجہ سے فائر عملے کو آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دقتوں کا سامنا کرناپڑا۔ان کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کو آگ بجھانے کی کارروائی میں سات گھنٹے لگے ۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے جوائنٹ ڈائریکٹر بشیر احمد شاہ نے کہا کہ اپنی پوری زندگی میں اس طرح کی آگ نہیں دیکھی ۔ ’انہوں نے بتایا کہ صبح نو بجے فائر اینڈ ایمرجنسی کنٹرول روم کو فون کال موصول ہوئی کہ درگاہ حضرت بل میں شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی تو فوری طورپر فائر ٹینڈروں کو روانہ کیا گیا۔