حضرت خسرو حسینی کے ہاتھوں جھیلہ مبارک کا انصرام

   

گلبرگہ ۔30 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے آغاز سے ٹھیک ایک ماہ قبل جھیلہ مبارک کا آغاز ہوتا ہے۔ جھیلہ مبارک حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کا جلوس آج بروز ہفتہ بتاریخ 17 شوال المکرم مطابق 27 اپریل تاریخی محبوب گلشن سے برآمد ہوا۔ جلوس جھیلہ مبارک محبوب گلشن سے برآمد ہو کر جگت چوک،سوپر مارکٹ ہوتا ہوا مغرب کے وقت مسجد مارکٹ پہنچا اور بعد نماز عشا مارکٹ مسجد کے روبرو سے ہوتا ہوا صندل گلی پہنچا وہاں سے ہفت گنبد اور پھر گیارہ سیڑھی پہنچا۔ گیارہ سیڑھی پر تقدس مآب حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے جھیلے مبارک کی کشتیوں کااستقبال کیا اپنے سر پر اٹھا کر اندرون بارہ دری میں روانہ کیا۔ جھیلے مبارک کو لے کر گنبد مبارک پر چڑھنے والے مشعل بردار اور پٹکا بردار کو حضرت تقدس مآب کے دست مبارک سے شملہ پہنایا گیا اور شال پوشی کی رسم ادا کی گئی۔ پھولوں کے جھیلے مبارک کو کھول کر اس میں حضرت تقدس مآب نے اپنے دست مبارک سے سونے کا بھاری کڑا باندھ دیا اور جھیلے مبارک پٹکا بردار کی پیٹھ پر باندھ دیا گیا جسے لے کر وہ شخص مشعل بردار کے عقب میں گنبد مبارک پر چڑ ھ گیا اور کلس پر جھیلہ باندھ دیا۔جب یہ دونوں نیچے اترے اس کے بعد فاتحہ خوانی ہوئی اور تبرکات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے قوال حضرات نے کلام پیش کیا۔