حضرت خسرو حسینی کے ہاتھوں صندل مالی ،صنعتی نمائش کا افتتاح
گلبرگہ: 19جولائی : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سلسلہ چشت کے عظیم صوفی نیست کعبہ دردکن ،بادشاہ دین ودنیا، سلطان القلم ،خواجہ دکن حضرت سیدمحمد حسینی گیسودراز بندہ نواز بلند پرواز شہباز رحمۃ اللہ علیہ کے 615ویں عرس مبارک کی سہ روزہ تقاریب 17,16,15ذیقعدہ 1440ھ 21,20,19جولائی بروز جمعہ ،ہفتہ،اتوار کوگلبرگہ شریف میں حسب عملدرآمد قدیم بصدعقیدت واحترام منعقد ہورہی ہیں ۔ نظام العمل 19جولائی بروز جمعہ صندل مبارککا انعقاد عمل میںلایا گیا۔حضرت خواجہ بندہ نوازگیسودرازؒ سلطان فیروزشاہ بہمنی کی دعوت پر گلبرگہ تشریف لائے اوریہاں زائد از22سال تک رشد وہدایت اور تصنیف وتالیف کاکام انجام دیا۔اس خیال کااظہارحضرت الحاج ڈاکٹر سیدشاہ گیسودراز خسروحسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے کیا۔وہ آج شام حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے 615ویں عرس شریف کے ضمن میں منعقدہ کل ہند صنعتی نمائش خواجہ بازار کے جلسہ افتتاح میںصدارتی خطاب فرمارہے تھے۔ حضرت خسروحسینی نے حضرت خواجہ بندہ نوازگیسودرازؒ کی حیات مبارکہ میں درپیش ہوئے مختلف سیاسی تغیرات کااحاطہ کرتے ہوئے فرمایا کہ محمدبن تغلق نے اپنا صدرمقام دہلی سے دولت آباد منتقل کیاتو 1200پالکی صوفیائے کرام نے بھی دہلی سے نقل مقام کیا اور اورنگ آباد ،خلد آباد پہنچ کر سکونت اختیار کی یہی وجہہ ہے کہ اورنگ آباد اور خلد آباد میںاولیا ئے کرام کی بہت زیادہ بارگاہیں ،ہیں۔ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے والد بزرگوار حضرت سیدیوسف حسینی المعروف راجہ قتال حسینیؒ کی بارگاہ بھی خلد آباد میںہی ہے۔دولت آباد سے پایہ تخت دوبارہ دہلی منتقل ہوا توحضرت خواجہ بندہ نوازؒ اپنی والدہ اوربرادر کے ہمراہ دہلی منتقل ہوگئے۔دہلی میں 44برس قیام کرنے کے بعد حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کوجب امیر تیمور کے حملہ کااندیشہ ہوا تو آپؒ اس حملہ اوردہلی کی تباہی کی پیشنگوئی کرتے ہوئے پھر سے خلد آباد منتقل ہوئے۔بعد ازاںاس موقع پرڈی کشور بابو ڈی سی پی گلبرگہ ،فوزیہ ترنم کمشنرسٹی کارپوریشن گلبرگہ نے صنعتی نمائش خواجہ بازار کاافتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر فضلیت مآب حضرت حافظ سیدمحمد علی الحسینی صاحب خلف اکبر وجانشین حضرت سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ ،حضرت سیدشاہ حسن شبیر حسینی عقیل بابا سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گنج بخشؒ، سید شاہ عارف حسینی صاحب برادر سجادہ نشین، حضرت ڈاکٹر سیدمصطفی الحسینی صاحب خلف اصغر حضرت سجادہ نشین ،حضرت سیدشاہ فضل الامین چشتی اجمیر شریف، حضرت سیدشاہ تقی اللہ حسینی برادر سجادہ نشین ،حضرت سیدشاہ باقر شبیرحسینی ندیم بابا برادر سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گنج بخشؒ ،حضرت سیدشاہ قطبی حسینی سجادہ نشین بٹلی الاوہ گلبرگہ، حضرت سیدشاہ ہدایت اللہ قادری سجادہ نشین عملی محلہ کے علاوہ معززین وعمائدین کی کثیر تعداد موجودتھی۔
