حضرت غوث اعظم ؒ کی حیات مبارکہ صالح اسلامی معاشرہ کے قیام سے معنون

   

آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اورپروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے لکچرس

حیدرآباد ۔8؍ڈسمبر( پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضور خاتم النبیین سید المرسلین رحمۃ للعلمین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی امت کے نفوس کی اصلاح، قلوب کے تصفیہ اور ظاہرو باطن کے تزکیہ کے اہم ترین کام کے لئے چھٹی صدی ہجری میں حضرت سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی غوث اعظمؒ کو بطور خاص مامور فرمایا تھا۔ محبت الٰہی، اطاعت حق تعالیٰ اور رسول اللہ ؐ کی سچی اتباع کی ترغیب حضرت غوث اعظمؒ کا نصب العین تھا۔ اللہ تعالیٰ کے بندوں کو اللہ تعالیٰ کا سچا فرمانبردار، عبادت گزا ر، پرہیزگار بنا کر ان کے دارین کو تابناک بنانے اور رسول اللہؐ کی تابعداری، اطاعت، سنتوں پر عمل پیرائی کا قلبی ذوق پیدا کر کے صالحیت کا نمونہ بنا دینے کی مبارک کوششوں میں انہماک اور مخلصانہ جد و جہد کے سبب پورے معاشرہ میںصدق و صفا، نیکی و بھلائی پر مبنی صالح انقلاب رونما ہوا۔ حضرت غوث الثقلین ؒنے معبود حقیقی خالق کائنات کی عبادت کا اعلیٰ نمونہ دنیا کے سامنے پیش کیا اور مخلوق خدا کی راحت رسانی،گمراہوں کو راہ راست پر گامزن کرنے، اہل سعادت کی روحانی تربیت، احیاء و تجدید، عقائد و اعمال کی اصلاح، معاشرہ کی ازسر نو تعمیر اور اسلام کے پیغام حقہ پہنچانے کے لئے اپنی زندگی کا ہر لمحہ مخصوص کر دیا تھا جس کا فیضان اثر گزشتہ نو صدیوں سے بلا وقفہ و تعطل جاری و ساری ہے۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے آج 11بجے دن’’میلاد محل‘‘ علیون باغ ازراچٹم پلی نزد مومن پیٹھ میں مے اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ ’1384‘ویں تاریخ اسلام اجلاس میںحضرت سید الاولیاء غوث اعظمؒ کی عظیم المرتبت شخصیت اور آپ کی بے مثال دینی، علمی، روحانی، عملی اور اصلاحی خدمات پر مبنی توسیعی لکچر دئیے۔ قراء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے اجلاس کا آغاز ہوا۔صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں دعوت حق کی مرحلہ وار کامیابیوںپر حقائق بیان کئے ۔ مفتی سید شاہ محمد سیف الدین حاکم حمیدی نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری، ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا۔ پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے تصوف کے بنیادی اصولوں سے متعلق معلومات پیش کئے، بعدہٗ انگلش لکچر سیریز کے ضمن میں حیات طیبہؐ کے مقدس موضوع پراپنا ’1111‘ واں سلسلہ وار پر لکچر دیا۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے اپنے خطاب میں کہا کہ وابستگان سلسلہ عالیہ قادریہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ پہلے وہ خود اپنے امام الطریق اپنے مرشد و رہبر حضرت غوث آعظمؒ کے ارشادات، ہدایات اور تعلیمات پر خلوص دل کے ساتھ عمل پیرا ہوں اور پھر دوسروں تک ان نورانی تعلیمات اور پیام غوثیت مآب پہنچانے کے لئے کمربستہ ہوجائیں۔ اجلاس کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالت پناہیؐ میں حضرت تاج العرفاءؒ کا تحریر کردہ سلام پیش کیا گیا ذکر جہری اور دعاے سلامتی پر آئی ہرک کا’’1384‘‘ واں تاریخ اسلام اجلاس تکمیل پذیر ہوا۔الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں تعارفی کلمات کہے اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔