تنظیم فروغ لسانیات کے زیراہتمام جلسہ، مقررین کا خطاب
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( راست ) مولانا شاہ محمد مظہر الدین چشتی القادری نے تلنگانہ تنظیم فروغ لسانیات پر جلسہ شہادت امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا عمر فاروق ؓ کی شہادت کی خبر حضور پاک علیہ الصلوۃ والسلام نے خود دی تھی۔ حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ خلیفہ دوم حضرت فاروق اعظم ؓ کے دور خلافت میں مسلمانوں کو بے مثال فتوحات اور کامیابیاں نصیب ہوئیں۔ آپؓ نے قیصر کسری کو پیوند خاک کرکے اسلام کی عظمت کا پرچم لہرانے کے علاوہ شام، مصر، عراق، جزیرہ، خوزستان، عجم، آرمینہ، آذر بائیجان ، فارس، کرمان ، خراسان اور مکران فتح کئے ۔ آپؓ کے دور خلافت میں 3600علاقے فتح ہوئے ۔900 جامع مساجد اور 4 ہزارمساجد تعمیر ہوئیں۔ ڈاکٹر عاصم ریشماں نے کہا کہ حضرت عمر ابن الخطاب ؓ نے اپنے دور خلافت میں بیت المال اور عدالتیں قائم کیں ۔ عدالتوں کے قاضی مقرر کئے ۔ آپؓ نے سن تاریخ کا اجراء کیا جو آج تک جاری ہے۔ مردم شماری کرائی، نہریں کھدوائیں، شہر آباد کروائے، دریا کی پیداوار پر محصول لگایا اور محصول مقرر کئے۔ محترمہ نے کہاکہ حضرت عمر ابن الخظاب ؓ کے ہر ہر عمل اور ہر ہر ادا کو اپنایا جائے۔
