اوٹکور میں اجتماع بعنوان ’’سیرت النبیؐ‘‘ سے پروفیسر انور خان کا خطاب
اوٹکور۔2 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر اوٹکور کے مدرسہ فیض الہدیٰ کے ہال میں مہمان خصوصی پروفیسر انور خان (حیدرآباد) اجتماع عام بعنوان ’’سیرت النبیؐ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی رحمت حضرت محمد ﷺ کی زندگی میں مسلمانوں اور تمام انسانوں کیلئے ہدایت اور بھرپور رہنمائی ہے۔ رسول اللہؐ نے مدینہ منورہ ہجرت کے بعد اسلامی سلطنت کے قیام کی کوشش میں مختلف قبائل سے معاہدے کئے۔ امراء کو خطوط لکھوائے تھے۔ صلح حدیبیہ نبی کریمؐ کی سیاسی بصیرت کا روشن پہلو ہے جن کو قرآن پاک نے فتح مبین کہا ہے۔ اللہ کے رسولؐ کی ساری زندگی تمام انسانیت کیلئے بہترین اخلاق و کردار کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا کلام قرآن پاک اور انبیاء علیہ السلام کی شخصیات انسانوں تک اللہ کا پسندیدہ دین یعنی اسلام جیسی عظیم نعمت پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انبیائے کرام اللہ کی ہدایات کے امین اور اس پر عمل آوری کرتے ہوئے انسانوں کی رہبری کرتے ہیں۔ اس موقع پر شہ نشین پر سیاسی غیرمسلموں میں ڈاکٹر سوریہ پرکاش ریڈی سابق سرپنچ اوٹکور، وگنیش ریڈی صدر منڈل کانگریس ، ایم پال ریڈی صدر منڈل کوآپریٹیو بینک، شری مہیش ریڈی، ڈاکٹر رگھوا گوڑ ، شری اروند کمار سابق ممبر زیڈ پی ٹی سی کے علاوہ دیگر ہندو تنظیموں کے نمائندے اسٹیج پر موجود تھے۔