حضرت مولانا سید محمد صدیق حسینی عارف قادری کا سانحہ ارتحال

   

حیدرآباد۔ /8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) نبیرہ حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قادری ؒ و سجادہ نشین بارگاہ حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہ ؒ قاضی پورہ حضرت مولانا سید محمد صدیق حسینی عارف قادری المعروف پاشاہ میاں صاحب شہزادہ حضرت سید محی الدین حسینی قادری چاند پاشاہ ؒ کا آج بوقت مغرب انتقال ہوگیا۔ حضرت پاشاہ میاں صاحب کافی دنوں سے علیل تھے اور ان کا علاج ان کے مکان واقع قاضی پورہ میں ہی شہر کے سرکردہ ڈاکٹرس کی نگرانی میں جاری تھا۔ آج صبح سے علالت میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور بوقت مغرب حضرت قبلہ کی روح اپنے مالک حقیقی سے جاملی۔ نماز جنازہ 9 اگسٹ بروز پیر مسجد نور ( مسجد حضرت یحییٰ پاشاہ ؒ ) قاضی پورہ میں 3 بجے سہ پہر ادا کی جائے گی۔ نماز ظہر 1:15 بجے ہوگی۔ تدفین بارگاہ حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قادری ؒ ریاض مدینہ مصری گنج میں عمل میں آئے گی۔ مولانا سید محمد صدیق حسینی قادری عارف ؒ اپنے والد بزرگوار حضرت حافظ علامہ سید محی الدین حسینی چاند پاشاہ قادری ؒ کے سانحہ ارتحال کے بعد سے بارگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہ ؒ و بارگاہ حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قادری ؒ کے سجادہ نشین کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں دائرۃ المعارف میں مصحح کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش ہوئے۔ دوران خدمات سے ہی پاشاہ میاں صاحب خانقاہ کی مجالس ذکر و تذکیر، تزکیہ نفس، تعلیمات طریق و شرع کے علاوہ وعظ و تفسیر کے ساتھ اپنے خصوصی تلامذہ کیلئے تادم علالت علوم شریعت و معرفت الٰہی کے درس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ حضرت پاشاہ میاں نے جامعہ نظامیہ کے رکن انتظامی اور بعض مواقع پر کارگزار امیر جامعہ کی ذمہ داری بھی بحسن خوبی انجام دیں۔