حضورآباد ملک کا سب سے مہنگا ضمنی چناؤ : سیتکا

   

اپوزیشن قائدین کو خریدنے کروڑہا روپئے کا استعمال، تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی

حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سیتکا نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار ٹی آر ایس نے حضور آباد ضمنی چناؤ کو ملک کے انتہائی مہنگے ضمنی چناؤ میں تبدیل کردیا ہے۔ رائے دہندوں کو دولت اور شراب کے ذریعہ ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ راجندر کے اسمبلی سے استعفی کے بعد سے ہی ٹی آر ایس نے کئی وزراء کو انتخابی مہم میں جھونک دیا ہے۔ ہر منڈل میں کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور کارکنوںکو رقومات اور لالچ کے ذریعہ انحراف پر اکسایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں حال ہی میں شمولیت اختیار کرنے والے کوشک ریڈی نے عہدہ کیلئے کانگریس کو دھوکہ دیا۔ سیتکا نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کی یہ آخری میعاد ہے اور آئندہ حکومت کانگریس پارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں نے عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کیلئے ٹیکسوں کے بوجھ میں اضافہ کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس حکومت دولتمند ریاست ہونے کا دعویٰ کررہی ہے لیکن عوام کیلئے بوجھ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضمنی چناؤ میں کانگریس کے امیدوار بی وینکٹ کو کامیاب بناتے ہوئے ایک موقع دیں تاکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو سبق سکھایا جاسکے۔ سیتکا نے کہا کہ عوامی مسائل پر بائیں بازو اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ متحدہ طور پر جدوجہد کی جارہی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں پراجکٹس کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام انجام دیئے گئے تھے جنہیں ٹی آر ایس اپنے کارنامے کے طور پر پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں زرعی شعبہ کی ترقی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ کانگریس کے دس سالہ دور حکومت میں ہر شعبہ کی بھلائی کیلئے اسکیمات کا آغاز کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اسمبلی میں غلط اعداد و شمار پیش کررہے ہیں۔ر