200 عہدیدار و ملازمین عوامی نبض ٹٹولنے میں مصروف
حیدرآباد ۔ 14 اگست (سیاست نیوز) مجوزہ ضمنی انتخابات کے پیش نظر انٹلیجنس کے عہدیداروں کی جانب سے اسمبلی حلقہ حضورآباد میں سیاسی جماعتوں کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھتے ہوئے عوامی نبض کو ٹٹولنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تازہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر کس پارٹی کا گراف کتنا ہے، اس کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ متحدہ اضلاع ورنگل، کریم نگر، کھمم کے علاوہ عادل آباد کے تقریباً 200 انٹلیجنس، اسپیشل برانچ کے عہدیدار اور ملازمین اسمبلی حلقہ حضورآباد کے مختلف مقامات کملاپور، ایلندوکنٹہ، ونیاونکا، جمی کنٹہ، حضورآباد منڈل کے مختلف مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے عوامی رائے حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسرے مقامات سے پہنچنے والے عہدیدار ہنمکنڈہ، پرکال، حضورآباد، کملاپور میں مکانات کرایوں پر حاصل کرتے ہوئے قیام پذیر ہیں۔ وزارت سے ایٹالہ راجندر کی برطرفی، ٹی آر ایس سے ان کی مستعفی ہونے اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد حکمراں جماعت ٹی آر ایس اور حکومت اسمبلی حلقہ حضورآباد پر خصوصی نظر رکھی ہوئی ہے۔ اسمبلی حلقہ کے زیرالتواء کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے حکومت کی جانب سے 1500 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر 16 اگست کو جمی کنٹہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ فی دلت خاندان کو 10 لاکھ روپئے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے دلت بندھو اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ وزراء اور ارکان اسمبلی و پارٹی قائدین کو مختلف مقامات کا انچارجس نامزد کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔ دلت بندھو اسکیم اور حکومت کی کارکردگی کے علاوہ دوسرے فلاحی اسکیمات کے بارے میں بھی عومی رائے حاصل کی جارہی ہے۔ انٹلیجنس عہدیداروں کی جانب سے کانگریس اور بی جے پی کے بارے میں پائی جانے والی رائے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ایٹالہ راجندر کی 12 دن کی پدیاترا اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی جانب سے 24 اگست سے شروع ہونے والی پدیاترا کے اثرات کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کی سرگرمیوں اور کانگریس کے امکانی امیدوار پر بھی عوامی رائے حاصل کی جارہی ہے۔