قومی روزگار اسکیم فیلڈ اسسٹنٹ جے اے سی کا حکومت کو انتباہ، مسائل کی عدم یکسوئی پر اظہار ناراضگی
مدہول: حکومت فیلڈ اسسٹنٹ کے مسائل کوحل نہ کرنے پر حضور آباد کے ضمنی انتخابات میں ریاست بھر میں1000فیلڈ اسسٹنٹس کی نامزدگیاں داخل کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار حلقہ مدہول فیلڈ اسسٹنٹ جے اے سی جنرل سکریٹری ایس راملو نے فیلڈ اسسٹنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے مطالبات کی یکسوئی نہیں کی گئی تو ضمنی انتخابات میں بتایا جائے گا۔ تقریبا 15 سال سے قومی روزگار سکیم میں بطور فیلڈ اسسٹنٹ کام کر رہے ہیں اب تک فلڈ اسسٹنٹ کے لئے کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کیا ، چیف منسٹر کے سی آر نے کہا تھا کہ حضور آباد کے ضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل فیلڈ اسسٹنٹ کی تقررات کئے جائیں گے لیکن ابھی تک اس پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مدھول حلقہ سے 14 فیلڈ اسسٹنٹ اور ضلع نرمل سے 37 اور ریاست بھر میں مجموعی طور پر ایک ہزار فیلڈ اسسٹنٹ آئندہ حضور آباد ضمنی انتخابات کے لئے نامزد ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے بار بار اپنی حمایت کرنے کی درخواست کے باوجود بھی اس مسئلہ کو حل نہیں کیاگیا جس سے اب تک ریاست بھر میں 52 فیلڈ اسسٹنٹ اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں لیکن حکومت نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا اگر یہ مسئلہ تلنگانہ اسٹیٹ جے اے سی کمیٹی کے مطابق حل نہیں ہوا تو حضو رآباد ضمنی انتخاب میں نامزدگی لازمی ہوگی۔ اس موقع پر جے اے سی صدر اور سکریٹری جادھو سنگھ ، سائی ناتھ ، گینی راجیشور ، لکشمن ، جناردھن کے علاوہ تانور ، مدھول اور باسر منڈل کے دیگر افراد نے شرکت کی۔
