حضورآباد میں حق اور انصاف کی جیت ہوگی: راجندر

   

رائے دہندے پریشان نہ ہوں، مجھے ہرانے کیلئے ہر طرح کے حربے

حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد کے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نتیجہ کے بارے میں فکر مند نہ ہوں اور نہ ہی اندیشوں کا شکار ہوں۔ کامیابی انصاف اور حق کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کی تکمیل کے بعد خانگی گاڑیوں میں ای وی ایم مشینوں کی منتقلی کی اطلاعات افسوسناک ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے بسوں میں ای وی ایم مشینوں کی منتقلی کے دوران اُلٹ پھیر کی شکایات ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کا رویہ مشتبہ ہے اور عہدیداروں کی جانب سے کوئی واضح جواب نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشینوں کے ساتھ منسلک وی وی پیاٹس میں تبدیلی کی اطلاعات ملی ہیں اور اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر مشینوں کی خانگی بسوں میں منتقلی کو عہدیداروں کی غلطی کے طور پر تسلیم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر اہمیت کے حامل الیکشن میں عہدیداروں کا تساہل کا رویہ باعث حیرت ہے۔انہوں نے برہمی کا اظہار کیا کہ کمشنر پولیس اور ضلع کلکٹر نے شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ عہدیداروں نے یکطرفہ طور پر کام کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید کی ہے۔ ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی دھاندلیوں کے ذریعہ جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقم خرچ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش افسوسناک ہے اور عوام اس طرح کی سرگرمیوں کو پسند نہیں کریں گے۔ ارکان اسمبلی خود رقومات تقسیم کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ راجندر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں شکست دینے کیلئے ہر طرح کا حربہ استعمال کیا ہے۔ پولیس عہدیداروں کے ذریعہ رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کی گئیں اور سادہ لباس میں پولیس نے یہ کام انجام دیا۔ راجندر نے دعویٰ کیا کہ ان تمام دھاندلیوں اور دولت کے استعمال کے باوجود حضورآباد کے عوام کا فیصلہ تاریخی رہے گا۔ر