تاحال 1000 کروڑ روپئے جاری ۔اندرون ایک ہفتہ مزید 1000 جاری کئے جائیں گے
حیدرآباد 23اگست ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے اسمبلی حلقہ حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کیلئے مزید 500کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی ۔ واضح رہے کہ حکومت نے اسمبلی حلقہ حضورآباد کا دلت بندھو اسکیم کیلئے پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر انتخاب کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 16 اگست کو حضورآباد میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا تھا ۔ حکومت کی جانب سے اس اسکیم کیلئے پہلے 500 کروڑ روپئے جاری کئے گئے تھے ، آج مزید 500کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ اس طرح ابھی تک حکومت نے صرف اسمبلی حلقہ حضورآباد میں اسکیم کیلئے 1000کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے ضلع کریم نگر کے کلکٹر آر وی کرنن کو 500کروڑ روپئے جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جب دلت بندھو اسکیم پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا تو اسمبلی حلقہ حضورآباد کو اس اسکیم کیلئے پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر منتخب کیا اور 2 ہزار کروڑ روپئے جاری کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی تھی ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر دو مرحلوں میں 500کروڑ روپئے کے حساب سے تاحال 1000کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ اندرون ایک ہفتہ حکومت کی جانب سے ماباقی 1000کروڑ روپئے جاری کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے دلت بندھو اسکیم کیلئے 500 کروڑ روپئے کی اجرائی پر اسمبلی حلقہ حضورآباد کے دلتوں نے جشن منایا اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔