حضورآباد میں راجندر کو کانگریس کی درپردہ مدد: رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی

   

دشمن کا دشمن اپنادوست پالیسی پر عمل، ہائی کمان کو صورتحال سے واقف کراؤنگا
حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ حضورآباد میں کانگریس نے درپردہ ایٹالہ راجندر کی مدد کی ہے۔ رائے شماری کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کانگریس امیدوار کو انتہائی کم ووٹ حاصل ہونے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے دشمن کا دشمن اپنا دوست کی پالیسی کے تحت ایٹالہ راجندر کی مدد کی ہے اور اس میں کوئی بری بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی پوری شدت سے مقابلہ کرتی تو ووٹ تقسیم ہوسکتے تھے جس کا فائدہ ٹی آر ایس کو پہنچ سکتا تھا۔ اپوزیشن کے ووٹ تقسیم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا کے سی آر کا منصوبہ تھا لیکن ہم نے اس منصوبہ کو ناکام کردیا۔ اس مرتبہ کانگریس نے اپنے قدم پیچھے ہٹالیئے۔ ایٹالہ راجندر کو بالواسطہ طور پر مدد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ راجندر کے اسمبلی سے استعفی کو پانچ ماہ گزرنے کے باوجود کانگریس نے لمحہ آخر میں امیدوار کا اعلان کیا۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی تک کانگریس پارٹی نے ایک بھی جلسہ منعقد نہیں کیا۔ دوباک، ناگرجنا ساگر میں جس طرح مہم چلائی گئی حضورآباد میں اس طرح کی مہم نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس راجندر کو اپنی جانب راغب کرنے میں ناکام ثابت ہوئی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حضورآباد کی صورتحال سے وہ پارٹی ہائی کمان کو واقف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے کانگریس کارکنوں کو حوصلہ شکن ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ کامیابی کے ذریعہ ایٹالہ راجندر نے ٹی آر ایس کو زبردست جھٹکہ دیا ہے۔ ٹی آر ایس نے پانچ ماہ تک مہم چلائی اور کروڑہا روپئے خرچ کئے لیکن مایوسی ہاتھ لگی۔ر