رائے دہندے بی جے پی کے حق میں : مرکزی وزیر کشن ریڈی
حیدرآباد ۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) سینئر بی جے پی قائد اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے آج کہا کہ حلقہ اسمبلی حضورآباد کے رائے دہندے بی جے پی کے حق میں ہیں اور انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حضورآباد سے ایٹالہ راجندر ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حلقہ کے سات مواضعات کا دورہ کیا اور دیکھا کہ لہر بی جے پی کے امیدوار اور سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کے حق میں ہوگئی ہے۔ آج یہاں میڈیا نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکمران ٹی آر ایس پارٹی رائے دہندوں کو لبھانے کیلئے دولت اور طاقت دونوں کا غلط استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر زور دیا کہ بہت زیادہ اہمیت کے اس ضمنی چناؤ میں خاطرخواہ سیکوریٹی فورس کی تعیناتی اور مبصرین کو مقرر کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس پارٹی رائے دہندوں کو رجھانے جھوٹے دعوے کررہی ہے اور یہ پارٹی طاقت کا بھی بیجا استعمال کررہی ہے کیونکہ اس نے اس ضمنی چناؤ کو اپنے لئے ایک وقار کا مسئلہ بنا لیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے دورہ کو ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ ہم کو امیت شاہ کے دورہ کے بارے میں ہنوز کوئی فیصلہ کرنا ہے کیونکہ ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ امیت شاہ کی جانب سے اس میں مہم چلانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ووٹرس بی جے پی کے حق میں ہیں۔