حضورآباد میں ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں کی ڈرامہ بازی

   

بی جے پی لیڈر زخمی اور ٹی آر ایس کی دلتوں سے ہمدردی ، کانگریس پارٹی کا الزام
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کہا کہ حضورآباد میں کامیابی کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں ڈرامہ بازی پر اُتر آئے ہیں۔ بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر وھیل چیر کے ذریعہ انتخابی مہم چلائیں گے جبکہ ٹی آر ایس دلت بندھو کے نام پر دوسری ڈرامہ بازی کررہی ہے۔ پارٹی کے ترجمان اور نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ حضور آباد میں کامیابی کیلئے دونوں پارٹیاں کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ پدیاترا کو درمیان میں روک کر راجندر نے گھٹنے کا آپریشن کرایا اور امکان ہے کہ وہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے وھیل چیر کے ذریعہ مہم کا آغاز کریں گے۔ نرنجن نے کہا کہ ریاستی وزیر ہریش راؤ ایک طرف راجندر پر ڈرامہ بازی کا الزام عائد کررہے ہیں لیکن انہیں خود اس بات کا محاسبہ کرنا چاہیئے کہ چیف منسٹر نے دلت بندھو اسکیم کے اعلان کے ذریعہ بھی ڈرامہ بازی کی ہے۔ دونوں پارٹیوں کے اقدامات رائے دہندوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں تو اور کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت کو دلتوں کی بھلائی سے دلچسپی ہوتی تو ریاست گیر سطح پر اسکیم کا آغاز کیا جاتا لیکن یہاں تو حضورآباد سے پائیلٹ پراجکٹ کے نام پر اسکیم شروع کی جارہی ہے۔نرنجن نے کانگریس کے باغی لیڈر کوشک ریڈی کو ایم ایل سی نشست دینے پر تنقید کی اور کہا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت کے اندرون دس دن چیف منسٹر نے حضورآباد کے سینئر ٹی آر ایس قائدین کے ساتھ ناانصافی کرتے ہوئے کوشک ریڈی کے نام کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو صرف انتخابات کے موقع پر اسمبلی حلقہ جات کی ترقی کا خیال آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انفرادی طور پر اسمبلی حلقوںکی ترقی پر توجہ دینے کے بجائے چیف منسٹر کو گزشتہ سات برسوں میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ دینی چاہیئے۔