پارٹی قائدین اکثریت بڑھانے کیلئے کام کریں۔ تمام ترقیاتی کام 10 ستمبر تک مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ حضورآباد میں حکمراں ٹی آر ایس کا طاقتور موقف ہے۔ ہر گذرتے دن کے ساتھ پارٹی پر عوامی اعتماد بڑھ رہا ہے۔ تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہے۔ تاہم ٹی آر ایس قائدین حد سے زیادہ خوداعتمادی کا شکار نہ ہوں بلکہ گھر گھر پہنچ کر حکومت کی کارکردگی اور اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں۔ باوثوق ذرائع کے بموجب چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں پارٹی اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا جس میں وزراء ہریش راؤ، گنگولہ کملاکر، کے ایشور گورنمنٹ وہپ بالراج، اسمبلی حلقہ حضورآباد میں نامزد کئے گئے انچارج ارکان اسمبلی، ارکان کونسل کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کے قائدین کو بتایا کہ سب کچھ ٹی آر ایس کے حق میں ہے۔ حضورآباد پر دوبارہ ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا۔ تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہیں۔ دلت بندھو اسکیم کے بعد ٹی آر ایس پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ پارٹی قائدین حد سے زیادہ خوداعتمادی کا شکار نہ رہیں اور نہ انتخابی اعلامیہ کا انتظار کریں بلکہ جن کو انچارجس نامزد کیا گیا وہ اپنے مقامات کو پہنچ جائیں اور حضورآباد کے ہرگھر کے دروازے پر دستک دے کر حکومت کے اقدامات پر شعور بیدار کریں۔ کے سی آر نے کہا کہ ان کے دورہ حضورآباد کے بعد ٹی آر ایس کے موقف میں مزید بہتری آئی ۔ کامیابی ٹی آر ایس کی ہوگی۔ پارٹی قائدین اکثریت بڑھانے پر توجہ دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ پھر حضور آباد کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی میں تمام ترقیاتی کاموں کو 10 ستمبر تک مکمل کردینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ٹی آر ایس ضمنی انتخابات جیت چکی ہے۔ انتخابات صرف ضابطہ کی تکمیل ہیں۔ پارٹی قائدین اکثریت کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا دلت بندھو اسکیم سے تمام دلتوں کو فائدہ ہوگا۔ اس میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ابھی تک جتنے سروے کرائے گئے اس کی تفصیل سے چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو واقف کرایا اور بتایا کہ ابتداء میں چند دلت خاندانوں نے احتجاج کیا تھا مگر 16 اگست کو دلت خاندانوں میں 10 لاکھ روپئے کے چیکس کی حوالگی کے بعد دلتوں کا حکومت پر بھروسہ بڑھا اور جو شکوک تھے وہ ختم ہوگئے ۔ سرکاری ملازم دلت خاندانوں کو بھی فائدہ پہنچانے کے اعلان کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ N
