بی جے پی کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں، ٹی آر ایس کی انتخابی مہم سے ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے حضورآباد میں ٹی آر ایس کی کامیابی پر کسانوں کے قرضہ جات سود کے ساتھ معاف کرنے کا اعلان کیا۔ انتخابی مہم کے دوران حکومت نے ٹی آر ایس کی جانب سے یہ اب تک کا اہم وعدہ کیا۔ ہریش راؤ نے حضورآباد کے مختلف منڈلوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے آسرا پنشن کی اہلیت کے لئے عمر کی حد کو گھٹا کر 57 سال کردیا ہے جس سے کئی ہزار نئے استفادہ کنندگان پنشن کے مستحق ہوجائیں گے۔ انہوں نے حضورآباد میں 5 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایسے غریبوں کو جن کے پاس پہلے سے اراضی موجود ہے مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے تک امداد دی جائے گی۔ ہریش راؤ نے بی جے پی سے سوال کیا کہ ایٹالہ راجندر کی کامیابی کی صورت میں عوام کا کس طرح بھلا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین قیمتوں میں کمی کا وعدہ تو کررہے ہیں لیکن یہ ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی دوسری مرتبہ کامیابی کے بعد پٹرولیم اشیاء اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا جس کا اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے مرکزی قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ ووٹ مانگنے سے پہلے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرکے دکھائیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ کی ذمہ دار بی جے پی کو عوام سے ووٹ مانگنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے خلاف مرکز نے جو قوانین تیار کئے ہیں ان کی دستبرداری کیلئے ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ مرکز نے زرعی شعبہ کو بحران سے دوچار کردیا ہے برخلاف اس کے تلنگانہ میں زرعی شعبہ کی خوشحالی کا دور ہے۔ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ہمیشہ کسانوں کے احتجاج کی تائید کی ہے۔ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کے سی آر کا کارنامہ ہے۔ کورونا وباء کے دوران بھی رعیتو بندھو اسکیم کی رقومات جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ راجندر نے ریاستی وزیر کی حیثیت سے غریبوں کیلئے ایک بھی ڈبل بیڈ روم مکان منظور نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے اور بی جے پی اور کانگریس کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔ ریاستی وزراء کے ایشور، جی کملاکر اور ارکان اسمبلی نے بھی ٹی آر ایس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ر