انتخابی مہم کا منفرد تجربہ، روڈ شو کے بجائے شخصی بات چیت کی تجویز
حیدرآباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی تحدیدات کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے رائے دہندوں سے راست طور پر رابطہ کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق روڈ شو کا اہتمام نہیں کیا جاسکتا۔ کوویڈ قواعد پر سختی عمل آوری کے نتیجہ میں چیف منسٹر کے سی آر حضورآباد کے حدود میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق حضورآباد کے رائے دہندوں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ چیف منسٹر کی مہم کی تیاری کی گئی ہے۔ چیف منسٹر مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے رائے دہندوں سے فون پر بات کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کریں گے اور حضور آباد کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کریں گے۔ پارٹی کی جانب سے رائے دہندوں سے ربط قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ورنگل اور ہنمکنڈہ اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کیا ہے کیونکہ حضورآباد کے علاقے دونوں اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ اب جبکہ انتخابی مہم کے اختتام کیلئے محض تین دن باقی ہیں ٹی آر ایس نے رائے دہندوں سے چیف منسٹر کے راست طور پر رابطہ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ روڈ شو اور جلسہ عام کا ازالہ ہوسکے۔ جلسہ عام کے انعقاد کے سلسلہ میں پارٹی نے قطعی طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ 27 اکٹوبر کو جلسہ عام کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن کے قواعد کے پیش نظر اسے منظوری نہیں دی گئی۔ر
