پارٹی کے ایک قائد سے فون پر ربط، 26 جولائی کو 427 دلتوں کا پرگتی بھون میں اجلاس
حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) حکمران ٹی آر ایس پارٹی نے اسمبلی حلقہ حضورآباد کے ضمنی انتخابات پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کیلئے مختلف پروگرامس کا آغاز کرچکی ہے۔ روزانہ ایک وزیر حضورآباد اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کا اعلان ہونے سے قبل پارٹی کیلئے سازگار ماحول تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر دلت بندھو اسکیم کے ذریعہ عوام کا دل جیتنے کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے۔ اس سلسلہ میں 26 جولائی کو اسمبلی حلقہ حضورآباد کے دلتوں سے چیف منسٹر ملاقات کریں گے اور اس حلقہ کے ہر گاؤں سے دو مرد اور دو خواتین کا انتخاب کرتے ہوئے 427 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اس سلسلہ میں سماجی قائدین کو ٹیلیفون کرتے ہوئے انہیں اجلاس میں شریک ہونے کی دعوت دے رہے ہیں۔ جمی کنٹہ منڈل تناگولہ موضع کے ایم پی ٹی سی کے شوہر وی راما سوامی کو چیف منسٹر نے خود آج ٹیلیفون کیا اور انہیں دلت بندھو اسکیم کے بارے میں واقف کراتے ہوئے اس اسکیم کو دنیا کی مثالی اسکیم قرار دیا اور کہا کہ وہ دلتوں کی ترقی اور بہبود کے معاملے میں عہد کے پابند ہیں۔ اس اسکیم سے دلتوں کی ترقی ہوگی۔ دلتوں میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے راماسوامی کو مشورہ دیا کہ وہ 26 جولائی کو منڈل ہیڈکوارٹر پر جمع ہوتے ہوئے خصوصی بسوں کے ذریعہ پرگتی بھون پہنچیں۔ راماسوامی نے ایٹالہ راجندر کی جانب سے ان کے خلاف کی گئی سازش سے چیف منسٹر کے سی آر کو واقف کرایا۔