حضورآباد کیلئے ایٹالہ راجندر بی جے پی امیدوار

   

پارٹی کا رسمی اعلان ‘سہ رُخی مقابلہ کا امکان
حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے حضورآباد ضمنی چناؤ کیلئے ایٹالہ راجندر کا امیدوار کے طور پر اعلان کیا ہے۔ جون میں اسمبلی سے استعفی کے بعد راجندر نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی اور وہ رسمی اعلان کے بغیر انتخابی مہم کا آغاز کرچکے تھے۔ الیکشن اعلامیہ کی اجرائی کے بعد بی جے پی نے رسمی طور پر ایٹالہ کو بحیثیت امیدوار اعلان کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ انتخابات میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ چیف منسٹر سے مبینہ اختلافات اور کابینہ سے برطرفی کے بعد انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی آر ایس نے جی سرینواس کو امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے جبکہ کانگریس نے این ایس یو آئی ریاستی صدر بی وینکٹ نرسنگ راؤ کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ تین اہم جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد حضورآباد میں سہ رُخی مقابلہ کا امکان ہے۔ یکم اکٹوبر سے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 8 اکٹوبر آخری تاریخ ہے۔ 13 اکٹوبر تک پرچہ جات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں جبکہ 30 اکٹوبر کو رائے دہی ہوگی اور 2 نومبر کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی ٹی آر ایس اور بی جے پی کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر قائدین نے تلنگانہ کا دورہ کرکے مختلف پروگراموں میں شرکت کی اور ایٹالہ کی مہم چلائی۔ ٹی آر ایس نے انتخابی مہم کی کمان وزیر فینانس ہریش راؤ کو سونپی ہے۔ ریاستی وزراء جی کملاکر اور کے ایشور ان کی اعانت کررہے ہیں اور وہ گزشتہ دو ماہ سے حضورآباد میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ر