ہائی کمان سے عنقریب اعلان کا امکان
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی چناؤ کے لئے کانگریس پارٹی کی امکانی امیدوار کونڈہ سریکھا نے واضح کیا ہے کہ ضمنی چناؤ کے بعد اُنھیں دوبارہ ورنگل سے ٹکٹ کی ضمانت ملنے پر ہی وہ حضورآباد سے مقابلہ کریں گی۔ کانگریس نے اگرچہ حضورآباد کے مقامی قائدین سے درخواستیں طلب کی ہیں لیکن پارٹی کو مقابلے کے لئے مضبوط امیدوار کی ضرورت ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد کونڈہ سریکھا کے نام کو طے کیا تھا لیکن مقامی سطح پر ناراضگی دور کرنے کے لئے ضابطہ کی تکمیل کے طور پر درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ بہت جلد کانگریس ہائی کمان امیدوار کے طور پر کونڈہ سریکھا کے نام کو منظوری دے گا۔ کونڈہ سریکھا سابق وزیر ہیں اور وہ اپنی شعلہ نوائی کے لئے شہرت رکھتی ہیں۔ ورنگل کے بعض علاقے حضورآباد کی اسمبلی حلقہ میں شامل کئے گئے لہذا ریونت ریڈی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس سے مقابلہ کے لئے کونڈہ سریکھا کی امیدواری کا فیصلہ کیا ہے۔ 2018 ء اسمبلی انتخابات اور 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں حضورآباد کے علاقہ سے کانگریس کو بہتر ووٹ حاصل ہوئے تھے اور اِس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر کونڈہ سریکھا کا نام طے کیا گیا ہے۔ اُن کے شوہر کونڈہ مرلی حضور آباد اور ورنگل میں کافی اثر رکھتے ہیں۔ R