حضورآباد میں امن و ضبط کی بحالی کیلئے 3 ہزار ملازمین پولیس تعینات

   

سی آئی ایس ایف کے 500 جوانوں کی خدمات، رائے دہی کے اختتام تک سخت چوکسی
حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی چناؤ میں آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کے لئے 3 ہزار سے زائد پولیس ملازمین اور 500 سی آئی ایس ایف کے جوانوں کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ حضورآباد ضمنی چناؤ اگرچہ عام چناؤ کی طرح ہے لیکن ٹی آر ایس اور بی جے پی کے ٹکراؤ کے نتیجہ میں نہ صرف انتخابی مہم بلکہ رائے دہی کے دن دونوں پارٹیوں کے درمیان ایک ایک ووٹ کے لئے جدوجہد کا ماحول رہے گا۔ ضلع نظم و نسق نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بگڑنے سے بچانے کے لئے سخت حفاظتی قدم اُٹھائے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایس سرینواس کے مطابق سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے جوانوں کے ذریعہ فلیگ مارچ کا اہتمام کیا گیا تاکہ عوام میں اعتماد بحال کیا جاسکے۔ اُنھوں نے بتایا کہ حضورآباد اسمبلی حلقہ میں تقریباً 3 ہزار پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ سی آئی ایس ایف کے 500 جوانوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ امن و ضبط کی برقراری میں پولیس اور ضلع حکام سے تعاون کریں۔ واضح رہے کہ انتخابی مہم کے آغاز کے بعد سے کئی علاقوں میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پیش آئے۔ اب جبکہ انتخابی مہم عروج پر ہے اور دونوں جانب سے سینئر قائدین میدان میں ہیں، تو اندیشہ ہے کہ رائے دہی کی تاریخ تک ماحول کشیدہ ہوسکتا ہے لہذا چیف الیکٹورل آفیسر شیشانک گوئل نے حضورآباد کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات اور پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندوں کو دی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ر