حضورآباد میں کانگریس امیدوار کا 8 اکٹوبر کو پرچہ نامزدگی

   

ریونت ریڈی شرکت کریں گے، مقامی قائدین میں اتحاد کی مساعی

حیدرآباد۔/6اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے کانگریس امیدوار بی وینکٹ نرسنگ راؤ 8 اکٹوبر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ بی وینکٹ راؤ این ایس یو آئی تلنگانہ کے صدر ہیں اور پارٹی نے 19 درخواستوں پر غور کے بعد ایک نوجوان کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر سینئر قائدین پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر حضور آباد میں موجود رہیں گے۔ بعد میں ایک جلسہ عام کا منصوبہ ہے جس میں ضلع حکام نے 500 افراد کی شرکت کی اجازت دی ہے۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ میں ریونت ریڈی کا یہ پہلا دورہ ہے اور مقامی قائدین ریونت ریڈی کے روڈ شو کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق روڈ شو کی اجازت نہیں ہے۔ جون میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے ایٹالہ راجندر کے استعفی کے بعد بی جے پی اور ٹی آر ایس نے اپنی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا تھا۔ کانگریس کو امیدوار کے انتخاب میں تاخیر ہوئی جس کے سبب انتخابی مہم کا 8 اکٹوبر کو آغاز ہوگا۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ کو کانگریس امیدوار اپنا پرچہ داخل کریں گے۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے حضورآباد سے ٹکٹ کیلئے درخواست دینے والے تمام 19 قائدین کو مدعو کیا جن میں سے 17 نے شرکت کی۔ انہوں نے تمام قائدین کو وینکٹ ریڈی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر مہم چلانے کا مشورہ دیا اور اس موقع پر مقامی قائدین کے اختلافات کی یکسوئی کی گئی۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا اور ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ بھی موجود تھے۔ پولٹیکل افیرس کمیٹی کے صدر نشین محمد علی شبیر نے بھی حضورآباد کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اسی دوران بی وینکٹ نے کہا کہ حضورآباد میں 35 ہزار طلباء اور نوجوان ہیں جو ان کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ر

حضور آباد ضمنی انتخاب۔ تین نامزدگیوں کا ادخال
حیدرآباد۔ 6 اکٹوبر (پریس نوٹ) حضور آباد ضمنی انتخابات کے لئے آج تین نامزدگیاں داخل کی گئیں۔ سی ای او ششانک گوئل نے بتایا کہ ان میں انا وائی ایس آر کانگریس پارٹی، کانگریس پارٹی اور ایک آزاد امیدوار شامل ہیں۔