ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نشانہ پر، شکست کا جائزہ لینے مانکیم ٹیگور کا تیقن حیدرآباد۔/3 نومبر،( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی پولٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس میں حضورآباد میں کانگریس امیدوار کی بدترین ہار پر گرما گرم مباحث ہوئے۔ بعض قائدین نے امیدوار کے انتخاب میں تاخیر کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں حضورآباد کا ضمنی چناؤ اہم موضوع رہا۔ پارٹی کی تاریخ میں اس قدر بدترین ہار نہیں ہوئی تھی۔ دونوں قائدین نے امیدوار کے انتخاب میں تاخیر کا اعتراف کیا تاہم کہا کہ لمحہ آخر تک مضبوط امیدوار کی تلاش تھی۔ اگر کسی مقامی شخص کو امیدوار بنایا جاتا تو اندیشہ تھا کہ وہ ٹی آر ایس کے حق میں دستبردار ہوجائے۔ وی ہنمنت راؤ، جگا ریڈی اور دیگر قائدین نے پارٹی کی شکست کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ مانکیم ٹیگور نے قائدین کو یقین دلایا کہ حضورآباد کے نتیجہ پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی اُمور کے بارے میں میڈیا سے بات چیت نہ کریں پارٹی فورم میں اپنی رائے پیش کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برسرعام اظہار خیال کرنے والے قائدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی چاہے وہ کسی بڑے عہدہ پر فائز کیوں نہ ہوں۔ر
بتایا جاتا ہے کہ جگا ریڈی نے اجلاس میں عہد کیا کہ وہ آئندہ پارٹی اُمور کے بارے میں میڈیا سے کوئی بات چیت نہیں کریں گے۔ اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور سابق رکن پارلیمنٹ رینوکا چودھری کے درمیان کھمم کے پارٹی اُمور پر تکرار ہوئی۔ بھٹی وکرامارکا کہنا تھا کہ وہ سی ایل پی لیڈر کی حیثیت سے کھمم کے اُمور میں مداخلت کا اختیار رکھتے ہیں جس پر رینوکا چودھری نے کہا کہ پارٹی اُمور کو بہتر بنانے کے بجائے ان کی مداخلت سے صورتحال مزید بگڑ رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس میں کئی قائدین نے ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کے فیصلوں پر اعتراض جتایا۔ مانکیم ٹیگور نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اختلاف رائے کو میڈیا میں پیش کرنے سے گریز کریں۔ سابق اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی، رینوکا چودھری اور دامودر راج نرسمہا اجلاس کے درمیان سے چلے گئے۔ ہنمنت راؤ بھی کچھ دیر کیلئے اجلاس سے باہر رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دامودر راج نرسمہا اور بھٹی وکرامارکا نے حضورآباد کے امیدوار کے انتخاب میں تاخیر کی وجوہات سے قائدین کو واقف کرایا۔ اجلاس میں سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، وی ہنمنت راؤ، کنوینر محمد علی شبیر، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو، تشہیر کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی، ورکنگ پریسیڈنٹس گیتاریڈی، مہیش کمار گوڑ، محمد اظہر الدین، سابق پی سی سی صدر پونالہ لکشمیا، الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین دامودر راج نرسمہا، پروگرام کمیٹی کے صدرنشین مہیشور ریڈی، سمپت کمار، چناریڈی، جیون ریڈی، سریدھر بابو، بلرام نائیک، رینوکا چودھری، ڈاکٹر شراون نے اجلاس میں شرکت کی۔ر