حضورنگر میں دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ ٹی آر ایس کی کامیابی

   

پونم پربھاکر کا الزام، تلنگانہ میں بی جے پی کے لیے کوئی جگہ نہیں
حیدرآباد۔ 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ حضورنگر کے ضمنی چنائو میں ٹی آر ایس نے دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ جمہوریت کو شکست ہوگئی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حضورنگر میں ٹی آر ایس کی جانب سے عوام کو ترقی کے بارے میں جھوٹے وعدے کئے گئے۔ عوام کو یہ تاثر دیا گیا کہ حضور نگر میں ٹی آر ایس کی کامیابی سے ترقی اور فلاح و بہبود ممکن ہے۔ کانگریس کی کامیابی کی صورت میں ترقی نہیں ہوگی۔ عوام نے اس جھوٹے پروپگنڈے پر بھروسہ کرلیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ شکست بہرحال شکست ہے لیکن یہ عوام کا فیصلہ نہیں بلکہ دولت اور طاقت سے حاصل کی گئی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے تمام غیر جمہوری اقدامات کئے گئے اور انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے غدار سرینواس یادو اور ای دیاکر رائو کی کانگریس پر کی جارہی تنقیدوں پر توجہ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اگر تلنگانہ تحریک میں شامل افراد تنقید کرتے ہیں تو ہم اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی ہی ٹی آر ایس کا واحد متبادل ہے۔ بی جے پی کے لیے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں۔ حضورنگر میں بی جے پی اور تلگودیشم کی ضمانت نہیں بچ سکی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی 100 سے زائد نشستوں پر ضمانت ضبط ہوچکی تھی۔ اس کے باوجود وہ خود کو تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل ظاہر کررہی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ دھاندلیوں کے ذریعہ حاصل کی گئی کامیابی کے باوجود تلنگانہ میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور آئندہ انتخابات میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کے نتیجہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے کانگریس مجوزہ بلدی انتخابات کی تیاری کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں پونم پربھاکر نے کہا کہ انتخابی مہم میں کوئی کمی نہیں رہی اور نہ ہی قیادت میں تال میل کی کمی تھی۔ ٹی آر ایس نے بے قاعدگیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی۔ پونم پربھاکر نے مہاراشٹرا اور ہریانہ اسمبلی نتائج کو کانگریس کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں ضمنی انتخابات میں یہ واضح ہوچکا ہے کہ عوام کانگریس کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے انتخابی مہم میں دفعہ 370 کی برخاستگی کو خصوصی طور پر پیش کرتے ہوئے مہم کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی اس کے باوجود بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام معاشی بدحالی اور اپنے مسائل کی عدم یکسوئی سے ناراض ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ملک کے عوام باشعور ہیں اور وہ بار بار بی جے پی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔