حیدرآباد۔ 26ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام کی آر ایس کو حضور نگر میں ووٹ مانگنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ سوریاپیٹ میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بعض ٹی آر ایس قائدین پولیس کی مدد سے کانگریس کارکنوں کو ہراساں کرنے کے لیے جھوٹے مقدمات درج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کارکنوں کو ہراساں کیا گیا تو پارٹی برداشت نہیں کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے حضور نگر اسمبلی حلقے میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مشنری کا بے جا استعمال کرتے ہوئے ٹی آر ایس کامیابی درج کرنے کی سازش کررہی ہے لیکن عوام ایسی سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے چیف منسٹر نے تمام وزراء اور اہم قائدین کو حضور نگر کی ذمہ داری دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حضور نگر میں انتخابی سروے سے متعلق کے ٹی آر کے دعوئوں کو مسترد کردیا اور گمراہ کن سروے کے ذریعہ الجھن پیدا کی جارہی ہے۔ جبکہ صورتحال کانگریس کے حق میں ہے۔