حیدرآباد۔29 ۔جولائی (سیاست نیوز) فورم فار گڈ گورننس نے چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا سے درخواست کی ہے کہ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تکمیل تک دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری روکنے کیلئے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی جائے۔ فورم کے سکریٹری ایم پدمنابھ ریڈی نے کہا کہ مختلف وجوہات کے سبب حضور آباد کا الیکشن برسر اقتدار پارٹی کیلئے وقار کا مسئلہ بن چکا ہے۔ عام تاثر ہے کہ انتخابی نتیجہ آئندہ اسمبلی انتخابات پر اثر انداز ہوسکتا ہے ۔ ایک ہفتہ قبل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دیگر اسکیمات کے ساتھ دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا۔ اسکیم کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں 100 دلت خاندانوں کو معاشی امداد کے طور پر 10 لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 10 کروڑ کے حساب سے ریاست بھر میں 1190 کروڑ کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے حضور آباد میں 10,000 دلت خاندانوں کی مدد کا اعلان کیا ہے جس پر 1000 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ فورم کا کہنا ہے کہ موجودہ کمزور معاشی صورتحال کے نتیجہ میں حکومت اس طرح کی اسکیم پر عمل نہیں کرسکتی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو چیف منسٹر کے اعلانات کا نوٹ لیتے ہوئے انتخابات کی تکمیل تک عمل آوری روکنے کی ہدایت دینی چاہئے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ہو۔